حکومت نے نئے گوادر شپ یارڈ منصوبے کی منظوری دے دی

گوادر) گوادر پرو( حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں “نیو گوادر شپ یارڈ میگا پروجیکٹ” کو گرین لائٹ کر دیا ہے جس میں پروجیکٹ مینجمنٹ سیل (پی ایم سی) کو فعال کیا گیا ہے تاکہ سی پیک فیز ٹو کے تحت گوادر پورٹ کی ہمہ جہت ترقی کی نئی بنیاد رکھنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

پی ایم سی کی تشکیل کے لئے 200 ملین روپے مختص کرنے کے بعد تمام معاملات کو مقررہ ایس او پیز کے مطابق چلانے کے لئے متعلقہ تقرریاں طلب کی جائیں گی۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کے عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ “گوادر میں ‘نیو ماڈرن شپ یارڈ’ تجارتی جہاز سازی اور مرمت کی صنعت کی حوصلہ افزائی کرے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور معاشی ترقی کو فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ زمین کے تنازعہ کا مسئلہ حل ہونے کے لئے تیار ہے ، لہذا متعلقہ ٹی او آرز کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کو حصہ لینے کے لئے ٹینڈر جاری کیے جائیں گے۔

جی ڈی اے عہدیدار نے بتایا کہ جی ڈی اے نے نئے شپ یارڈ منصوبے کے لئے 750 ایکڑ اراضی کی حد بندی کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر بندرگاہ پر آنے والے کارگو جہازوں کو ضروری ڈرائی ڈاکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ گوادر شپ یارڈ نئے جہازوں کی تعمیر کے لیے بھی خدمات فراہم کرے گا۔

حال ہی میں قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ گوادر شپ یارڈ میگا پراجیکٹ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ہر حال میں رواں سال شروع کیا جائے اور منصوبے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور کارکنوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر شپ یارڈ میگا پراجیکٹ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا اور یہ بین الاقوامی معیار کا منصوبہ پاکستان کو عالمی معیار کے شپ یارڈز میں نمایاں مقام دلا سکتا ہے۔